پاکستان تازہ ترین

عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے ایشو پر اپوزیشن میں ڈیڈ لاک ختم نوازشریف نے زرداری ، مولانا فضل الرحمن اور شہبازشریف کو گرین سگنل دیدیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، آن لائن )وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر نوازشریف نے آصف زرداری ، مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف کو گرین سگنل دے دیا۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے ایشو پر اپوزیشن میں ڈیڈ لاک ختم ہو گیا۔

تحریک عدم اعتماد کی کامیابی پراپوزیشن کے تین بڑوں میں فوری انتخابات پر اتفاق کا امکان پیدا ہو گیا۔پی ڈی ایم نے پیپلز پارٹی کو فوری انتخابات پر قائل کر لیا۔اس سے قبل ڈیڈ لاک کے باعث تحریک عدم اعتماد کا معاملہ سست روی کا شکار ہو گیا تھا۔پی پی فوری انتخابات کے بجائے آئینی مدت پوری کرنے پر بضد تھی۔دوسری جانب سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عدم اعتماد سے ق لیگ کاتعلق نہیں،

حکومتی اتحادیوں کے بغیر بھی نمبر پورے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد ق لیگ، ایم کیو ایم سمیت دیگر اتحادیوں کے بغیر بھی ہوجائے گی۔ق لیگ کے اپنے فیصلے ہیں ،عدم اعتماد سے ان کا تعلق نہیں۔عدم اعتماد پر ہمارے نمبر اتحادیوں کے بغیر بھی پورے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد پر آج پیپلزپارٹی سمیت سب جماعتیں متحد ہیں۔عدم اعتماد پر جن لوگوں کا ہمارے ساتھ رابطہ ہے وہ پراعتماد ہیں۔ایمپائر کو غیر جانبدار رہنا چاہیے۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے 48 گھنٹے میں تحریک عدم اعتماد لانے کے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 48گھنٹے میں ریکوزیشن چلی جائے گی۔ریکوزیشن عدم اعتماد کی تحریک کے لیے اجلاس سے متعلق جمع کرائی جائے گی۔ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے جانے کے بعد حکومت بنانے سے متعلق محمد زبیر کی بات کاان کوہی بہتر علم ہوگا۔

میری رائے میں عمران خان کے جانے کے بعدحکومت بننی ہی نہیں چاہیے۔انہوں نے کہاہے کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے ،جن کو مشکل وقت سے نمٹنے کا تجربہ ہے ان کو آنے دیں۔جلد بازی میں ریلیف پیکج کا آخر کار عوام کو ہی نتیجہ بھگتنا پڑتا ہے۔ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر بوجھ پڑ گیا ،کل ان لوگوں نے عوام میں بھی جانا ہے۔

اپنا کمنٹ کریں